۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
شیخ حسن جعفری

حوزہ/ علامہ حسن جعفری نے خطبہ جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ غدیر کے دن کھانا کھلانا بہت ثواب ہے اور ایک روپیہ عیدی کے طور پر دینا ایک لاکھ عیدی دینے کے برابر ہے۔دکاندار حضرات سے گزارش ہے کہ عید غدیر کے دن لوگوں کو اشیاء خورد و نوش کو کم قیمت پر دیں، تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ آج غدیر کا دن ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ سکردو بلتستان علامہ شیخ حسن جعفری نے گزشتہ روز جمعہ کے خطبہ میں عشرۂ ولایت اور امام ہادی علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید غدیر عید اکبر ہے، کسی نبی کو مبعوث نہیں کیا گیا مگر کہ انہوں نے یوم غدیر کو عید کے طور پر نہیں منایا ہو۔عید غدیر کے دن خدا کے حکم سے حضرت علی علیہ السلام کو پیغمبرِ اِسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ و سلم نے تمام انسانوں کا امیر اور مولا بنایا، یعنی جن چیزوں کا اختیار پیغمبرِ اِسلام کو حاصل تھا ان تمام اختیارات حضرت علی علیہ السلام کے سپرد کر دیئے۔

انہوں نے غدیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ گلی کوچوں سمیت امام بارگاہ اور مساجد میں گویا ہر جگہ عید غدیر کو شایان شان طریقے سے منایا جائے، کیونکہ امامت ایک الہی منصب ہے اور عید غدیر کے دن خدا کے حکم سے حضرت علی علیہ السلام کو پیغمبرِ اِسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ و سلم نے تمام انسانوں کا امیر اور مولا بنایا، یعنی جن چیزوں کا اختیار پیغمبرِ اِسلام کو حاصل تھا ان تمام اختیارات کو حضرت علی علیہ السلام کے سپرد کر دیئے۔

امام جمعہ سکردو نے کہا کہ غدیر کے دن کھانا کھلانا بہت ثواب ہے اور ایک روپیہ عیدی کے طور پر دینا ایک لاکھ عیدی دینے کے برابر ہے۔دکاندار حضرات سے گزارش ہے کہ عید غدیر کے دن لوگوں کو اشیاء خورد و نوش کو کم قیمت پر دیں، تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ آج غدیر کا دن ہے۔

انہوں نے غدیر کی اہمیت پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عید غدیر کے دن مومنین ایک دوسرے سے، الحمد للّٰہ الَّذی جعلنا من المتمسکین بولایة امیر المومنین و اھل بیت علیھم السلام، کہتے ہوئے گلے ملیں، کیونکہ یہ دن امامت کے آغاز سے متعلق ہے ساتھ ہی امامت کی آخری کڑی امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کے لئے دعا کریں تاکہ آپ کے ظہور سے پوری دنیا میں الہی حکومت قائم ہو، اسلام و مسلمین کو عزت و عنایت حاصل ہو اور منافقین ذلیل و خوار ہوں۔

علامہ شیخ حسن جعفری نے اپنے اہم بیان میں ولادت باسعادت امام ہادی علیہ السلام کی مناسبت سے بھی تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام ہادی علیہ السلام کی زندگی میں ہمارے لئے درس اور عبرت شامل حال ہے۔ائمہ علیہم السلام لوگوں کے دلوں پر حکومت کرتے ہیں جبکہ حکمران کی حکومت ظاہری ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جابر حکمرانوں نے امام علی النقی علیہ السلام کو مدینے میں رہنے نہیں دیا، بلکہ آپ علیہ السلام کو سامرہ بلایا اور آپ کو سامرہ کی فوجی چھاؤنی میں رکھا گیا اور جاسوسوں نےخبر دی کہ امام علیہ السلام کے گھر میں اسلحہ جمع کیا جا رہا ہے، لہذا حاکم کے حکم کے مطابق فوج امام علیہ السلام کے گھر میں زبردستی گھس گئی اور پورے گھر کی تلاشی لی، لیکن کچھ نہیں حاصل ہوا، پھر بھی امام علیہ السلام کو گرفتار کر کے متوکل کے دربار میں پیش کیا گیا۔

امام جمعہ سکردو نے کہا کہ ظلم کی انتہا کر دی کہ امام علیہ السلام کی خدمت میں ظالموں نے شراب پیش کرنا چاہا، امام نے فرمایا: اس طرح کی نجس شئی کبھی بھی میرے بدن اور روح میں داخل نہیں ہوسکتی اور جب امام سے حاکم کے سامنے اسکے تعلق اشعار پڑھنے کو کہا گیا تو امام علیہ السلام نے انکار کردیا، جب اصرار بڑھا تو امام علیہ السلام نے ایسے اشعار کہے کہ خود کو بادشاہ سمجھ نے والے شراب پیتے ہیں اور مضبوط قلعوں میں رہتے ہیں، لیکن جب موت آتی ہے تو یہ مضبوط قلعے انہیں موت سے نہیں بچا سکتا امام علیہ السلام نے اس شراب کی محفل کو ہدایت کی محفل میں بدل دیا، لہٰذا ہمیں بھی امام علیہ السلام کی سیرت پر چلنا چاہئے۔

علامہ شیخ حسن جعفری نے جمعے کے دوسرے خطبے میں محرم الحرام کی آمد اور ممکنہ خطرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں تین ریجن ہیں۔گلگت، دیامر اور بلتستان لیکن بدقسمتی ہے یہاں کے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو مختلف بہانوں سے مختلف جگہوں پر بھیجا جاتا ہے۔ ہم اس عمل کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلتستان میں سیاح حضرات کا کافی رش ہے اور محرم بھی نزدیک ہے، لہٰذا ہم اس عظیم اجتماع کے توسط سے معاملہ فہم آئی جی پی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محرم سے پہلے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے تمام جوانوں کو سکردو بھیجیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .